✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!

یہ مصباحی کون ہوتے ہیں؟

عنوان: یہ مصباحی کون ہوتے ہیں؟
تحریر: محمد عارف مصباحی الخیرآبادی

خالد کا تعلق ایک دیندار گھرانے سے ہے۔ گھر کے دینی ماحول کی برکت سے اسے علم دین حاصل کرنے کا بہت شوق ہے اور علماے کرام سے محبت بھی۔ اسلامی تربیت اور دین سے محبت میں اضافے کے لیے اس کے ابو اسے علماے اسلام کے احوال سناتے ہیں تو کئی ناموں کے ساتھ لفظ مصباحی بھی آجاتا ہے اور خالد سوچنے لگتا ہے کہ آخر یہ مصباحی کون لوگ ہوتے ہیں، اور ان کا نام ابو اکثر کیوں لیتے ہیں؟ ایک بار اسی طرح ابو نے جب ایک عالم دین کے ساتھ مصباحی بولا تو خالد پوچھے بغیر نہ رہ سکا۔
بیٹا: ابو! مصباحی کسے کہتے ہیں؟
باپ: بیٹا! مصباحی ان خوش نصیب لوگوں کو کہتے ہیں جنہوں نے الجامعۃ اشرفیہ، مبارکپور، اعظم گڑھ (یوپی) ادارے سے دینی تعلیم حاصل کی ہو اور سند فراغت حاصل کی ہو۔ یہ نسبت اس کے قدیم نام دار العلوم اشرفیہ مصباح العلوم سے ہے۔ جس کو جلالۃ العلم حضور حافظ ملت علیہ الرحمۃ والرضوان نے اپنے خون جگر سے سینچ کر باغ فردوس الجامعۃ الاشرفیہ بنایا اور علم و عمل کا وہ چراغ روشن کیا جو آج بھی امت کی رہنمائی میں شب و روز مصروف ہے۔
بیٹا: ابو! مصباحی حضرات کی فکر کیسی ہوتی ہے؟
باپ: مصباحیوں کی فکر نہایت معتدل اور متوازن ہوتی ہے۔ وہ ہمیشہ اہلِ سنت و جماعت کے مسلک حق کی اشاعت اور ترویج میں مصروف رہتے ہیں۔ اختلافات سے دُور رہ کر محبت و اتحاد کے پیغام کو عام کرنا ان کی زندگی کا مشن ہوتا ہے۔
بیٹا: لیکن ابو! اختلافات سے دور رہنا کیسے ممکن ہے؟
باپ: بیٹا! حافظ ملت نے اپنے شاگردوں کو یہ نصیحت کی تھی: زمین کے اوپر کام، زمین کے نیچے آرام۔
یعنی دنیا میں نیکی اور دین کی خدمت کرو اور مخالفتوں یا جھگڑوں میں وقت ضائع نہ کرو۔ مصباحی حضرات ہر مخالفت کا جواب اپنی علمی و عملی کاوشوں سے دیتے ہیں، نہ کہ فضول اور لایعنی باتوں سے، وہ اپنی درسگاہوں میں بزرگوں کا ادب اور محبت کا جام پلاتے ہیں، اختلاف سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہیں۔
بیٹا: ابو! مصباحیوں کا مقصد کیا ہوتا ہے؟
باپ: بیٹا! مصباحیوں کا مقصد نہایت عظیم اور روح پرور ہے۔ ان کی زندگی کا اصل مقصد لوگوں کے دلوں میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی محبت کا چراغ روشن کرنا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہر مسلمان عشقِ رسول ﷺ سے سرشار ہو اور اپنی زندگی کو سیرتِ طیبہ کے مطابق گزارے۔
بیٹا: ابو! یہ محبت کا چراغ روشن کرنے کا مطلب کیا ہے؟
باپ: اس کا مطلب یہ ہے کہ مصباحی حضرات لوگوں کو عاشق رسول ﷺ بناتے ہیں اور آپ ﷺ کی اطاعت، محبت اور عشق کو زندگی کا حصہ بنانے کی تعلیم دیتے ہیں۔
بیٹا: اور مسلکِ اعلیٰ حضرت کے بارے میں کیا کوشش ہے ان کی؟
باپ: بیٹا! مصباحی حضرات اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کو عام کرنے اور ان کی فکر کو امت تک پہنچانے کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں، مصباحی علما نے فتویٰ رضویہ کو حیات نو بخشی ہے، ان کا ہر عمل اور ہر فعل تعلیمات اعلیٰ حضرت کی روشنی میں ہوتا ہے، وہ مسلکِ حق کی خدمت، شریعت کی پاسداری ان کی زندگی کا عین مقصد ہے۔
بیٹا: ابو! کیا یہ اتحادِ امت کے لیے بھی کام کرتے ہیں؟
باپ: جی بیٹا! مصباحیوں کی فکر اتحاد و اتفاق کا حسین نمونہ ہے۔ یہ امت کو اختلافات کی دھند سے نکال کر محبت و وحدت کے راستے پر گامزن کرنے کی جدوجہد کرتے ہیں۔
بیٹا: ابو! مصباحی حضرات مشائخ سے محبت کرتے ہیں؟
باپ: ہاں بیٹا! مصباحی حضرات کے دل میں اہلِ بیت اطہار، صحابہ کرام، سادات کرام اور تمام مشائخ کرام کے لیے بے پناہ محبت ہے۔ وہ مارہرہ مطہرہ کو اپنے جسم کی طرح، کچھوچھہ شریف کو اپنے دل کی طرح، اور بریلی شریف کو اپنی روح کی طرح سمجھتے ہیں۔ ان کے نزدیک تمام مشائخ دین کے تاج کا جھومر ہیں۔
بیٹا: ابو! مصباحی واقعی بہت اعلیٰ مقصد رکھتے ہیں۔
باپ: بالکل بیٹا! ان کی خدمات صرف دین کی تعلیم تک محدود نہیں، بلکہ وہ لوگوں کے دلوں کو محبت، اتحاد، اور دینِ اسلام کی حقیقی روح سے جوڑنے کی عظیم کوشش کرتے ہیں۔ ان کا ہر عمل یہ پیغام دیتا ہے:

محبتوں کے سفیر بنو، نفرتوں کو ختم کرو، اور زمین کے اوپر ایسی خدمات انجام دو کہ زمین کے نیچے آرام نصیب ہو۔ یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔
بیٹا: آپ مجھے عالم بنانے کا کہتے ہیں نا! جب مصباحی اتنے اچھے ہوتے ہیں تو ابو میں بھی مصباحی ہی بنوں گا، اور مصباحیت کے چراغ سے عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی سارے جہان میں عام کروں گا۔

مضمون نگار جامعہ اشرفیہ مبارک پور سے اس سال تخصص سے فراغت حاصل کرچکے ہیں۔ {alertInfo}

2 تبصرے

جدید تر اس سے پرانی
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں