عنوان: | تعلیم انسان کی شخصیت کا جوہر |
---|---|
تحریر: | راغب حسین رضوی |
تعلیم انسان کی شخصیت کا جوہر ہے اور زندگی کی ترقی کا زینہ۔ یہ وہ دولت ہے جو انسان کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم کے اجالے میں لے آتی ہے۔ تعلیم صرف کتابوں کا ذخیرہ نہیں بلکہ انسانی ذہن و شعور کو بیدار کرنے کا ذریعہ ہے۔ اسلامی تعلیمات نے ہمیشہ علم کو بلند مقام دیا ہے۔
قرآن مجید نے تعلیم کی فضیلت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:
قُلْ هَلْ يَسْتَوِی الَّذِينَ يَعْلَمُونَ وَالَّذِينَ لَا يَعْلَمُونَ [الزمر: 9]
تم فرماؤ کیا برابر ہیں جاننے والے اور انجان ؟ اسی آیت سے واضح ہوتا ہے کہ تعلیم کی جانب رغبت انسانی کامیابی اور سعادت کے لیے لازمی ہے۔
تعلیم کی جانب رغبت ایک ایسا وصف ہے جو قوموں کی تقدیر بدل دیتا ہے۔ تعلیم انسان کو شعور و آگاہی عطا کرتی ہے اور اسے حق و باطل میں تمیز سکھاتی ہے۔ اگر ہم اسلامی تاریخ کا جائزہ لیں تو ہمیں واضح طور پر معلوم ہوتا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے علم کے فروغ پر خاص زور دیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا:
طَلَبُ العِلْمِ فَرِيضَةٌ عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ وَمُسْلِمَةٍ [ابن ماجة، سنن ابن ماجة کتاب، ج: ۱، ص ۸۱، رقم الحديث: ۲۲۴، دار إحياء التراث العربي بیروت]
یعنی علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے۔
تعلیم کی جانب رغبت کا مطلب یہ ہے کہ انسان شعوری طور پر علم حاصل کرنے کی طرف مائل ہو اور اسے اپنی زندگی کا مقصد سمجھے۔ علم نہ صرف فرد کی زندگی کو سنوارتا ہے بلکہ پوری قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ تعلیم انسان کو اخلاقی اقدار، نظم و ضبط اور سماجی شعور عطا کرتی ہے۔
آج کے دور میں تعلیم کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ یہ معاشرتی، سائنسی اور اقتصادی ترقی کی بنیاد ہے۔ دنیا کی ترقی یافتہ قومیں وہی ہیں جنہوں نے تعلیم کو اپنی ترجیح بنایا۔ بدقسمتی سے، ہمارے معاشرے میں تعلیم کی جانب رغبت میں کمی آتی جا رہی ہے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے حصول کو اپنی اولین ترجیح بنائے تاکہ وہ دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکیں۔
تعلیم کی جانب رغبت وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے، کیونکہ یہ ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی کی ضامن ہے۔ ہر مسلمان پر فرض ہے کہ وہ اپنی زندگی میں علم کے نور کو جگہ دے اور اس کے ذریعے نہ صرف اپنی دنیا کو سنوارے، بلکہ آخرت کی فلاح کی تیاری بھی کرے۔
علم وہ روشنی ہے جو اندھیروں کو مٹاتی ہے اور انسان کو ہدایت کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ تعلیم ہی انسان کی اصل میراث ہے اور جو قوم اس کی قدر کرتی ہے، وہ کبھی بھی زوال کا شکار نہیں ہوتی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں علم کے نور سے منور کرے، ہمارے دلوں کو حکمت سے روشن کرے، اور ہمیں اس علم کے ذریعے اپنی دنیا اور آخرت میں کامیاب کرے۔ آمین!
مضمون نگار جامعۃ الرضا بریلی شریف میں درجہ ثالثہ کے طالب علم ہیں۔ {alertInfo}
میں لباب وئپ سائڈ کا تہ دل سے شکر گزار ہوں کہ مجھ ناچیز کی حوصلہ افزائی فرمائی ہیں
جواب دیںحذف کریں