عنوان: | عورت کی زندگی: محبت اور عزت |
---|---|
تحریر: | عائشہ رضا عطاریہ |
عورت محض ایک رشتہ، ایک کردار یا کسی کی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مکمل انسان ہے، جس کے جذبات، احساسات، خواب اور خواہشات بھی اتنی ہی اہم ہیں جتنی کسی مرد کی۔ زندگی صرف سانس لینے اور دوسروں کی خدمت کرنے کا نام نہیں، بلکہ سکون، محبت، عزت اور خوشیوں کے ساتھ جینے کا حق بھی ہے۔
اگر ایک عورت کو اپنے شوہر کی محبت، عزت اور خلوص نصیب نہیں، تو وہ درحقیقت ایک ایسی زندگی گزار رہی ہے جو اس کی اپنی نہیں۔ وہ یا تو اپنے والدین کی خواہشات کے تابع ہوتی ہے، یا شوہر کے رویے کی قیدی، یا پھر اپنی اولاد کی خوشیوں میں خود کو فنا کر دیتی ہے۔
محبت اور عزت عورت کے لیے صرف جذباتی تسکین نہیں، بلکہ اس کی اصل زندگی ہے۔ شوہر کا رویہ، اس کا لہجہ، اس کی توجہ عورت کے وجود پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔
محبت اور عزت وہ خوبصورت احساسات ہیں جو عورت کو خود اعتمادی، خوشی اور ذہنی سکون عطا کرتے ہیں۔ اگر شوہر اپنی بیوی کو محبت اور عزت نہیں دیتا تو وہ اسے جینے کا حق نہیں دیتا، بلکہ اسے بےجان اور بےرُوح کر دیتا ہے۔
شوہر کی محبت سے محروم عورت ایک زندہ لاش کی طرح ہوتی ہے۔ اور وہ عورتیں جن کو اپنے شوہروں سے عزت اور محبت ملتی ہے، ان کی شخصیت میں اعتماد، آنکھوں میں چمک، چہرے پر روشنی اور زندگی میں خوشبو ہوتی ہے۔ وہ نہ صرف اپنی ذات بلکہ اپنے گھر اور بچوں کے لیے بھی خوشیوں کا ذریعہ بنتی ہیں۔ ان کا ہنسی مذاق، بات چیت، اندازِ زندگی سب کچھ ایک منفرد خوبصورتی لیے ہوتا ہے۔
لیکن وہ عورتیں، جنہیں شوہروں کی محبت اور عزت نصیب نہیں ہوتی، وہ زندہ ہونے کے باوجود زندگی سے محروم ہوتی ہیں۔
ان کی آنکھوں میں ہمیشہ کی ایک اداسی، ان کے لہجے میں ایک چھپا ہوا درد، اور ان کے وجود میں ایک خاموش اذیت نظر آتی ہے۔ وہ بظاہر چلتی پھرتی ہیں، لیکن حقیقت میں وہ ایک مردہ بےجان جسم کی طرح ہوتی ہیں جو روز جیتی ہیں، روز مرتی ہیں۔
محبت اور عزت: مرد کا بنیادی فرض
شوہر کی ذمہ داری صرف نان و نفقہ فراہم کرنا نہیں، بلکہ اپنی بیوی کو وہ جذباتی سکون دینا بھی ہے جو اس کی خوشحال زندگی کے لیے ضروری ہے۔ اکثر مرد مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی بیوی سے دوری اختیار کر لیتے ہیں، یا اسے کم تر محسوس کرانے لگتے ہیں۔
ایک شوہر اپنی بیوی کو:
لیکن کیا ان سب باتوں کا یہ مطلب ہے کہ وہ اپنی بیوی کو عزت اور محبت بھی نہ دے؟ ہرگز نہیں! ایک شوہر اپنی ازدواجی زندگی کے فیصلے لیتے ہوئے اپنی بیوی کے جذبات اور احساسات کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔ محبت اور عزت وہ حقوق ہیں جو عورت سے کبھی بھی چھینے نہیں جا سکتے۔
عورت: مرد کی شخصیت کا آئینہ
بیوی، مرد کی اصل شخصیت ہے۔ وہ اس کے اخلاق، کردار، ضمیر، نیت اور حلال و حرام میں تمیز کی پہچان ہوتی ہے۔ اگر کوئی مرد اپنی بیوی کے ساتھ محبت سے پیش آتا ہے، اس کی عزت کرتا ہے، اس کی بات سنتا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ وہ خود ایک اچھے انسان اور بہترین شوہر ہونے کی علامت رکھتا ہے۔
مگر اگر کوئی مرد اپنی بیوی کو نظر انداز کرتا ہے، اس کی توہین کرتا ہے، یا اس کی عزت نہیں کرتا، تو درحقیقت وہ اپنی ہی شخصیت کو گرا رہا ہوتا ہے۔
محبت صرف چند میٹھے بول یا عارضی الفاظ کا نام نہیں، بلکہ مستقل مزاجی کے ساتھ بیوی کے جذبات کو اہمیت دینے کا نام ہے۔
عزت صرف زبانی احترام نہیں، بلکہ عملی رویے میں نرمی، لحاظ اور خیال رکھنے کا نام ہے۔
خوشحال ازدواجی زندگی کے لیے ضروری ہے کہ شوہر اپنی بیوی کو نہ صرف ایک ساتھی بلکہ ایک دوست اور ہمراز سمجھے۔
عورت کو عزت دیجیے، اسے پیار دیجیے، کیونکہ یہی اس کا حق ہے، اور یہی آپ کی شخصیت کا اصل امتحان بھی۔
وہ آپ کے لیے رحمت ہے، آپ کے لیے سکون ہے، اور اگر آپ اس کی عزت کریں گے، اس کی محبت کی قدر کریں گے، تو یقین جانیے، آپ کی زندگی بھی سکون، برکت اور خوشیوں سے بھر جائے گی۔
محبت اور عزت وہ سرمایہ ہیں جو جتنا بانٹا جائے، اتنا ہی بڑھتا ہے۔ ایک مرد اگر اپنی بیوی کو محبت اور عزت دے، تو وہ اپنی دنیا اور آخرت دونوں کو سنوار سکتا ہے۔
بے شک بہت خوب عکاسی ہے عورت کے جذبات کی ۔ ما شاء اللہ
جواب دیںحذف کریں