✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!

کتب حدیث کا بکثرت مطالعہ کرنے والے محدثین

عنوان: کتب حدیث کا بکثرت مطالعہ کرنے والے محدثین
تحریر: عمران رضا عطاری مدنی بنارسی

ایک دن میں ختم بخاری:

(1)... سیدی ابو القاسم عبدوسی فاسی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : میں نے شہر فاس الجدید کے قلعے میں بیٹھ کر ایک دن میں بخاری شریف کا ختم کیا ہے، اذان فجر کے بعد ابتدا کی اور عشاء کے کچھ دیر بعد مکمل کردیا۔

حافظ زبیدی اور بخاری شریف کا مطالعہ:

(2)... حافظ زبیدی رحمۃ اللہ علیہ رمضان المبارک میں 11 مجلس میں بخاری شریف کی مکمل قراءت کرلیا کرتے تھے۔ پھر مجلس کی صورت میں - چار مجلسوں میں آپ کے سامنے بخاری شریف کی تلاوت مکمل کرلی جاتی تھی۔جب کہ صحیح مسلم شریف چھ مجلسوں میں پوری پڑھ لی جاتی تھی۔

قراءت بخاری سے ہر مقصد پورا ہوا:

(3)... ) سید اصیل الدین کہتے ہیں:

قرأت صحيح البخاري نحو مائة وعشرين مرة في الوقائع والمهمات لنفسي وللناس الآخرين فبأي نية قرأته حصل المراد وكفى المطلوب.

میں نے 120 مرتبہ اپنی اور دوسروں کی مصیبت اور پریشانیوں کے دنوں میں بخاری شریف کی تلاوت کی، میں نے جس بھی نیت سے بخاری شریف پڑھی، وہ مراد پوری ہوئی اور مطلوب حاصل ہوا۔

(4)... امام سخاوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: حافظ برہان الدین حلبی رحمۃ اللہ علیہ نے بخاری شریف ساٹھ (60) مرتبہ سے زیادہ اور مسلم شریف بیس(20) مرتبہ پڑھی تھی۔

(5)... حافظ ابن حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ نے دمشق وغیرہ میں ستر(70) مرتبہ سے زیادہ بخاری شریف کا درس دیا۔

(6)... حافظ ابراہیم بن محمد بن ابراہیم بقاعی حنبلی رحمۃ اللہ علیہ نے رمضان کے چھ دنوں میں بدر الدین غزی رحمۃ اللہ علیہ کی بار گاہ میں مکمل بخاری شریف پڑھ لی، جب کہ پانچ دنوں میں صحیح مسلم پڑھ لی۔

700 مرتبہ بخاری شریف کا مطالعہ:

(7)... قاضی عیاض مالکی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: میں نے سات سو مرتبہ بخاری شریف کا مطالعہ کیا ہے۔

(8)... اسی طرح حافظ ابن بشکوال رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: میں نے سات سو مرتبہ بخاری شریف کا مطالعہ کیا ہے۔ آپ ہر سال بیس مرتبہ بخاری شریف پڑھتے تھے۔

(9)... حافظ فیروزآبادی رحمۃ اللہ علیہ نے پچاس سے زائد مرتبہ بخاری شریف پڑھی تھی۔

تین دن میں مکمل بخاری شریف کا مطالعہ:

(10)... علامہ خطیب بغدادی رحمۃ اللہ علیہ نے حافظ اسماعیل بن احمد حیری رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ میں محض تین دن کے مختصر وقت میں مکمل بخاری شریف پڑھ لی۔ حافظ شمس الدین ذہبی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: مجھے نہیں لگتا کہ اس دور میں کوئی اس کی استطاعت رکھتا ہو۔

وقت میں اس قدر برکت:

(11)... امام سخاوی رحمۃ اللہ علیہ ذکر فرماتے ہیں کہ حافظ ابن حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ نے چار مجلس میں سنن ابن ماجہ کا ختم فرمایا۔ اسی طرح صحیح مسلم کا ختم چار مجلس میں فرمایا۔ آپ نے سنن نسائی الکبیر دس مجلس میں مکمل مطالعہ کرلیا۔ اس سے زیادہ تعجب خیز بات یہ ہے کہ آپ نے 1500 احادیث پر مشتمل کتاب معجم طبرانی صغیر کا مطالعہ ایک مجلس میں وہ بھی ظہر سے عصر تک مکمل کرلیا۔

(12)... حافظ ابو فضل عراقی رحمۃ اللہ علیہ نے دمشق میں شیخ محمد بن اسماعیل بن خباز رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ میں چھ مجالس میں صحیح مسلم پڑھ لی۔

(13)... ملا طاہر کورانی نے گیارہ مجلس میں مکمل مؤطا کی تلاوت کرلی۔

(14)... محدث مدینہ شیخ عابد سندھی رحمۃ اللہ علیہ ہر مہینے مکمل صحاح ستہ ایک مرتبہ روایتاً پڑھ کر ختم کر لیا کرتے۔ جب کہ درایۃ یعنی تحقیق و تدقیق کے ساتھ چھ ماہ میں مکمل صحاح ستہ پڑھ لیتے۔

(15)... شیخ محمد عبد الحی کتانی رحمۃ اللہ علیہ نے بخاری شریف کی تدریس شروع کی، تحقیق و تدقیق کے ساتھ بغیر کسی ضروری چیز کو چھوڑے ہوئے، اس کو پڑھانا شروع کیا اور فقط 50 مجلسوں میں مکمل کر دیا۔ [ماخوذ از فھرس الفھارس]

محترم قارئین! ہمیں بھی چاہیے کہ کتب حدیث کے مطالعہ سے اپنا گہرہ رشتہ جوڑیں، کم از کم مشہور کتب حدیث کا ضرور مطالعہ کریں، ان شاءاللہ الکریم نبی اکرم ﷺ کے اقوال و افعال کی معرفت حاصل ہوگی، ان پر عمل کرنے کا ذہن بنے گا۔ اور اشاعت حدیث کے فرائض انجام دینا بھی آسان ہوگا۔

صحاح ستہ کا مطالعہ:

محدث عصر محقق اہل سنت مفتی حسان عطاری مدنی حفظه الله نے ایک مرتبہ نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:

آپ سب لازماً لازماً لازماً صحاح ستہ مکمل اور مشکاۃ المصابیح مکمل پڑھ لیں – اسی طرح مرآۃ المناجیح اور کوئی ایک عربی شرح جیسے مرقاۃ المصابیح یا عمدۃ القاری مکمل سمجھ کر پڑھ لیں!

ہر طالب علم اور فارغ التحصیل صاحب کو چاہیے کہ مفتی صاحب کی اس نصیحت پر عمل کرے، ان شاءاللہ خود اس کے فوائد دیکھیں گے!

خداے قدوس ہمیں عمل کی توفیق سے نوازے۔ آمین

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں