✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!

لکھنا ہی زندگی ہے!

عنوان: لکھنا ہی زندگی ہے!
تحریر: مفتیہ رضیؔ امجدی غفر لھا

چوں تو می خواہی کہ باشی خوش نویس

مے نویس و مے نویس و مے نویس

لکھو۔۔۔!

کہ لکھنا ہی زندگی ہے۔

لکھو تاکہ تمہیں لکھا جائے۔

اگر تاریخ کے اوراق کو اپنے وجود سے رنگنا چاہتے ہو تو لکھو، کیونکہ قلم کے شہہ رگ سے ٹپکنے والا لہو ہی تاریخ کے اوراق کو منور کرتا ہے۔

لکھو تاکہ تم زندہ رہو

اور زندہ رہو تاکہ لکھ سکو

لکھو تاکہ اسلام کی تلواریں تمہارے قلموں پر فخر کریں۔

اگر حیات بعد ممات کے خواہاں ہو تو لکھو، کیونکہ قلم کی طاقت ہی ہے جو بعدِ ممات بھی باحیات رہتی ہے۔

لکھو تاکہ انسانیت کی زلفِ برہم کو سنوارنے کا حق ادا کر سکو۔ اس فرض کا قرض ادا کرنے کے لیے لکھو جو ”العلماء ورثۃ الانبیاء“ کی صورت میں ہم پر عائد ہوتا ہے۔

لکھو تاکہ اپنی مخفی لیاقتوں کو بروئے کار لا سکو۔ کوئی بھی ذی شعور خیالات سے عاری نہیں ہے، لہٰذا مثبت خیالات کو الفاظ کا جامہ پہنا کر انہیں زندگی عطا کرو۔

خیالات منتشر ہوں تو انہیں یکجا کرو، ان میں ربط پیدا کرو، ان میں اپنے احساسات کا رنگ بھرو اور صفحات کی نذر کر دو۔

تلخیاں بانٹتی اور تنہائیاں چھڑکتی زندگی سے سچ کشید کرو اور رقم کر دو۔

اپنے عہد کے تقاضوں کا ادراک کرو اور ان تقاضوں کے مطابق موضوع منتخب کر کے صفحۂ قرطاس پر موتی کی صورت بکھیر دو۔

صلاحیتیں سب میں ہوتی ہیں، کسی میں مخفی تو کسی میں آشکار، تو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے لکھو۔

اس حیاتِ چند روزہ میں اللہ رب العزت نے بے شمار وسعتیں رکھی ہیں، ان وسعتوں سے مستفید ہونے کے لیے لکھو۔

لکھنے سے پہلے مضامین کا انتخاب اپنی افتادِ طبع کے مطابق کر لو، پھر قلم آرا ہو تاکہ بامعنی اور انتشارات سے معریٰ مضامین تیار ہو کر سامنے آئیں۔

اور ایسے دور میں، جبکہ ذرائع ابلاغ و ترسیل کی وسعتیں لامحدود ہو چکی ہیں، لکھنا از حد ضروری ہے اور اپنی روشن خیالی کا اظہار نہایت سہل بھی۔

خصوصاً خواتین کی خاطر فروغِ دین کے لیے تحریر سے بہتر اور مؤثر پیرایہ نہیں ملے گا۔

الغرض! لکھو۔۔۔ اور خلوص و للہیت کے ساتھ لکھو تاکہ اجرِ جزیل کے مستحق بنو اور قلمی جہاد میں حصہ لے سکو۔

متنوع آوازوں اور زاویوں سے بھری کائنات میں آپ کے رقم شدہ الفاظ انسانی سماج کی ہنگامہ خیزی میں سکون فراہم کرنے کا سامان بن سکتے ہیں، اور پرسکون سمندر میں ہلچل کا باعث بھی۔

تو لکھو۔۔۔ اور لکھتے رہو، یہاں تک کہ لکھنے کا فرض ادا ہو جائے۔

اگر میرے بے ربط الفاظ آپ کے ما فی الضمیر کی دھندلی سی تصویر ثابت ہوں تو میدانِ قلم کے شہسواروں میں حصہ ضرور لیں۔

2 تبصرے

جدید تر اس سے پرانی
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں