✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!

موبائل فون اور سوشل میڈیا کی لت

عنوان: موبائل فون اور سوشل میڈیا کی لت
تحریر: راغب حسین رضوی

موبائل فون اور سوشل میڈیا جدید دور کی ایک بڑی ضرورت بن چکے ہیں۔ ان کے ذریعے ہم دنیا سے جُڑے رہتے ہیں، معلومات حاصل کرتے ہیں اور تفریح کا سامان بھی کرتے ہیں، لیکن ان کا حد سے زیادہ استعمال ایک خطرناک عادت میں بدل رہا ہے۔

ہر وقت موبائل چیک کرنا اور سوشل میڈیا پر غیر ضروری وقت گزارنا نہ صرف وقت کا ضیاع ہے بلکہ یہ صحت، تعلیم، روزگار اور خاندانی زندگی پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے۔

یہ عادت آہستہ آہستہ ایک ایسی لت کی صورت اختیار کر لیتی ہے، جس سے نجات حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

موبائل فون اور سوشل میڈیا کی لت کی وجوہات

موبائل فون اور سوشل میڈیا کی لت کی کئی وجوہات ہیں۔ ہر وقت انٹرنیٹ کی دستیابی اور اسمارٹ فون کا آسانی سے مل جانا اس عادت کو پروان چڑھاتا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب صارفین کو مسلسل مشغول رکھتے ہیں۔

ہر نئے پیغام، لائک یا تبصرے پر نوٹیفکیشن موصول ہونے سے ذہن بار بار موبائل کی طرف متوجہ ہوتا ہے۔ آن لائن گیمز اور ویڈیوز بھی لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ حقیقی دنیا سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔

موبائل فون اور سوشل میڈیا کے نقصانات

اس کے سنگین نقصانات سامنے آ رہے ہیں۔ زیادہ دیر تک موبائل استعمال کرنے سے آنکھوں کی روشنی متاثر ہوتی ہے، نیند کا نظام خراب ہو جاتا ہے، ذہنی دباؤ اور چڑچڑاپن بڑھتا ہے۔

تعلیمی میدان میں طلبہ کی توجہ بٹ جاتی ہے، وہ اپنی پڑھائی پر دھیان نہیں دے پاتے اور امتحانات میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پاتے۔ کام، کاج کرنے والے افراد کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے، کیونکہ وہ بار بار موبائل دیکھنے میں مصروف رہتے ہیں، جس سے ان کا رجحان کم ہوجاتا ہے۔

سوشل میڈیا کی زیادتی سے خاندانی اور سماجی تعلقات کمزور ہو رہے ہیں۔ لوگ حقیقی دنیا میں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر بھی موبائل میں مگن رہتے ہیں، جس سے باہمی محبت اور رشتوں میں گرم جوشی ختم ہو رہی ہے۔

والدین اور بچوں کے درمیان فاصلہ بڑھ رہا ہے، کیونکہ بچے زیادہ تر وقت موبائل میں مصروف رہتے ہیں۔ دوستوں کے ساتھ بیٹھنے کے باوجود ہر شخص اپنے فون میں گم ہوتا ہے، جس سے حقیقی دوستی اور میل جول کم ہو رہا ہے۔

اس عادت سے نجات کے طریقے

اس عادت سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ موبائل اور سوشل میڈیا کے استعمال کا وقت مقرر کیا جائے۔ غیر ضروری نوٹیفکیشن بند کیے جائیں تاکہ بار بار موبائل دیکھنے کی عادت ختم ہو۔

روزمرہ کے معمولات میں ایسی سرگرمیاں شامل کی جائیں جو جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند ہوں، جیسے ورزش، کتابیں پڑھنا، حقیقی دنیا میں دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ وقت گزارنا۔

کھانے کے وقت، سونے سے پہلے اور گھر کے افراد کے ساتھ بیٹھے ہوئے موبائل کا استعمال نہ کیا جائے تاکہ خاندانی تعلقات مضبوط ہو سکیں۔

اگر ہم موبائل فون اور سوشل میڈیا کو ایک حد میں رکھ کر استعمال کریں تو نہ صرف اپنی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ اپنے وقت کو بھی قیمتی کاموں میں استعمال کر سکتے ہیں۔ وقت کی قدر کرتے ہوئے سوشل میڈیا کو اعتدال میں رکھنا ہی کامیاب زندگی کی علامت ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں