عنوان: | منزل کا تعین اور کامیابی |
---|---|
تحریر: | امتیاز احمد النورانی ملیباری |
منزل کی تعریف کچھ یوں کی جا سکتی ہے کہ وہ ”جسے ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں“ وہ منزل ہے۔ منزل کا تعین (Goal Setting) کامیاب بننے کے لیے سب سے اہم چیز ہے۔ اہداف مخصوص اور قطعی ہونے چاہیے جن کے بغیر ہماری ساری کوششیں بے کار ہو جائیں گی۔
وہ شخص جس کا کوئی مقصد نہیں ہے، وہ زندگی میں نمایاں ترقی (Significant Progress) حاصل نہیں کر سکتا۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ اگر آپ اپنی زندگی میں فتح یاب ہونا چاہتے ہیں تو پھر جو بھی کام آپ کرتے ہیں، انہیں پوری توجہ اور دھیان (Complete Concentration) کے ساتھ کرنا پڑے گا۔
یہاں تک کہ ایک سیدھا سادہ کام، جیسے سبزیوں کو کاٹنا، مساوی سائز کے ٹکڑوں میں کاٹنے کے لیے مکمل توجہ کا متقاضی ہوتا ہے۔ اگر کوئی سبزی کو بغیر توجہ کے کاٹتا ہے، تو سبزیوں کے تمام ٹکڑے مختلف شکل اور سائز کے ہوں گے، اور اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ بڑے سائز کے حصے کچے رہ جائیں گے جبکہ چھوٹے حصے زیادہ پک جائیں گے۔
اس آسان مثال کی روشنی میں، میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ جو کچھ بھی کام کرتے ہیں، اسے مہارت اور مکمل دھیان کے ساتھ کرنا چاہیے۔ یہ جانے بغیر کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں، آپ اسے کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟ اگر آپ اپنے مقصد کا تعین نہیں کرتے، تو پھر آپ کہاں جائیں گے اور کیا کریں گے؟ فرض کریں کہ کوئی شخص منزل کا تعین کیے بغیر سفر پر نکلتا ہے، تو وہ کہاں پہنچے گا؟
اہداف کے بغیر شخص بے رخ جہاز کی طرح ہوتا ہے۔ جب جہاز سمندر میں سفر شروع کرتا ہے، تو جہاز کے کپتان کو بخوبی علم ہوتا ہے کہ وہ کہاں جانا چاہتا ہے۔
اگرچہ منزل اس کی نظروں سے اوجھل ہوتی ہے، مگر پھر بھی وہ جہاز کو کامیابی کے ساتھ اپنی منزل تک پہنچا دیتا ہے۔ اسی طرح، جو لوگ اپنے اہداف کے حصول کے لیے کام کرتے ہیں، وہ صحیح راستے پر چلتے ہیں اور آخر کار اپنی زندگی میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
بہت سے کاموں میں مصروف لوگ ہر فن مولا بن سکتے ہیں، مگر کسی ایک فن میں کمال حاصل نہیں کر سکتے۔ وہ ان لوگوں کی طرح کامیاب نہیں ہو سکتے جن کا ایک خاص مقصد اور منزل ہوتی ہے۔ واضح اور قطعی اہداف لوگوں کو مؤثر انداز سے کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
بہت سے لوگ اپنی زندگی بغیر کسی مقصد کے گزارتے ہیں، جو کہ ایک بڑا نقصان ہے۔ ہر انسان کو اپنی زندگی کے معنی و مقصد کا احساس ہونا چاہیے۔
اسے صرف اس لیے زندگی نہیں گزارنی چاہیے کہ وہ اس دنیا میں پیدا ہو گیا ہے۔ چاہے کسی کا مقصد بڑا ہو یا چھوٹا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لیکن ہر شخص کی زندگی میں کوئی نہ کوئی مقصد ضرور ہونا چاہیے، ورنہ زندگی صحیح سمت نہیں پکڑ سکے گی۔
کچھ لوگ اپنے مقاصد کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، لیکن انہیں حاصل کرنے کی بھرپور کوشش نہیں کرتے۔ ایسے لوگ آرام طلب اور تن آسان طبیعت (Easygoing Nature) کے ہوتے ہیں، اور ان کے اہداف صرف نام کے لیے ہوتے ہیں۔
یہ ضروری نہیں کہ آپ کے اہداف بہت بلند ہوں۔ ایک استاد کہہ سکتا ہے کہ میں ایک اچھا استاد بننا چاہتا ہوں، جبکہ دوسرا شخص کہہ سکتا ہے کہ میں ایک کروڑ پتی بننا چاہتا ہوں۔
یہ سب ان کے ذاتی اہداف ہیں، اور ان میں کوئی برائی نہیں۔ یہاں صرف ایک ہی چیز اہمیت رکھتی ہے کہ دونوں اپنے متعلقہ اہداف کے حصول میں کتنے سنجیدہ اور قابل ہیں۔
خدا نے ہر انسان کو کوئی نہ کوئی صلاحیت (Talent) عطا کی ہے، اور اس ہنر کو استعمال کر کے ہر شخص اس دنیا کو کچھ نہ کچھ دے سکتا ہے۔ مگر اکثر لوگ اپنی روزمرہ کی مصروفیات میں الجھ کر اپنی زندگی کے حقیقی مقصد اور خوشی سے محروم ہو جاتے ہیں۔ اس حوالے سے ایک مشہور اقتباس ہے:
"Aim for The Moon, Even if You Miss, You will Land Among The Stars."
ترجمہ: چاند کا ہدف رکھو، اگر چوک بھی گئے تو کم از کم ستاروں میں جا پہنچو گے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھو، اگر تم مکمل طور پر کامیاب نہ بھی ہو سکے تو بھی کچھ نہ کچھ ضرور حاصل کرو گے۔
آپ کے اہداف کے حصول کا سفر رکاوٹوں سے بھرا ہو سکتا ہے، لیکن جو خوشی کامیابی کے بعد ملتی ہے، وہ بہت زیادہ ہوتی ہے۔ آپ کا مقصد آپ کی پوری دنیا ہونی چاہیے (Your Goal Must Be Your Whole World)۔
مضمون نگار جامعہ مدینۃ النور - پورنور، کالکٹ، کیرلا کے شعبۂ اردو صدر ، پرسنالٹی اور سافٹ اسکلز کے ٹرینر ہیں۔ {alertInfo}
ما شاء اللہ بہت بہترین
جواب دیںحذف کریں