✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!

درود پاک میری زندگی (قسط: 2)

عنوان: درود پاک میری زندگی (قسط: 2)
تحریر: مصباح صدف، حیدرآباد

درود و سلام ایک ایسا محبوب و مقبول عمل ہے جس سے گناہ معاف ہوتے ہیں، شفا حاصل ہوتی ہے، دل و جان کو پاکیزگی ملتی ہے۔

پڑھنے والے کے لیے سب سے بڑی سعادت یہ ہے کہ اسے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم بنفسِ نفیس سلام کے جواب سے مشرف فرماتے ہیں۔

مزید یہ کہ صلوٰۃ و سلام کسی صورت میں اور کسی مرحلے پر بھی قابلِ رد نہیں، بلکہ یہ ایسا عمل ہے جو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ضرور مقبول ہوتا ہے۔

اگر نیک شخص پڑھے تو درجے بلند ہوتے ہیں، اور اگر فاسق و فاجر پڑھے تو نہ صرف یہ کہ اس کے گناہ معاف ہوتے ہیں، بلکہ اس کا پڑھا ہوا درود و سلام بھی قبول ہوتا ہے۔

جیساکہ اس حدیث پاک میں مذکور ہے:

عبداللہ بن عامر بن ربیعہ عن ابیہ عن النبی ﷺ قال: ما من مسلم یصلی علی إلا صلت علیہ الملائکۃ ما صلی علی، فلیقل العبد من ذالک أو لیکثرہ۔ (ابن ماجہ:907)

ترجمہ: عبداللہ عامر بن ربیعہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جب کوئی مسلمان مجھ پر درود بھیجتا ہے تو فرشتے جب تک وہ مجھ پر درود بھیجتا ہے، اس کے لیے دعا کرتے رہتے ہیں۔ اب بندہ چاہے تو مجھ پر کم درود بھیجے یا زیادہ بھیجے۔

امت کا نبی کریم ﷺ پر درود بھیجنا محبت اور شفاعت کا طلب کرنا ہے، اور جس نے محبت کا اظہار کیا، اسے شفاعت کیسے نصیب نہیں ہوگی؟ کیوں کہ درود پڑھنے والے کے بارے میں اللہ کے حبیب ارشاد فرماتے ہیں:

عن أبی ھریرة، عن النبي ﷺ قال: من صلی علي واحدة، صلی الله عليه عشرا۔ (مسلم: 304)

ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے، حضور نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے: جو مجھ (ﷺ) پر ایک مرتبہ درود پڑھتا ہے، اللہ پاک اس کے بدلے اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے۔

درود پاک پڑھنے والے کو دونوں طرف سے برکت ہے: اللہ کے دربار میں قبولیت اور حضور اکرم ﷺ کے دربار میں قبولیت۔

درود پاک پڑھنے سے اللہ کی بارگاہ میں قرب حاصل ہوتا ہے۔ جس کو بھی اللہ کا قرب آسانی سے ملا ہے، صرف درود پاک کی بدولت ملا ہے، اور جس کو بھی ولایت ملی، صرف اور صرف درود پاک کے بدلے میں ہی ملی۔

جب اللہ خود بھی پڑھ رہا ہے اور اس کے فرشتے بھی، تو درود شریف اللہ کے ذکر اور نبی کریم ﷺ کی تعظیم پر مشتمل ایک لاجواب عبادت ہے۔ دونوں جہانوں کی سلامتی اور برکت، کامیابی اور کامرانی، جنت، قربِ الٰہی اور سب کچھ درود پاک کے پڑھنے سے حاصل ہوتا ہے۔

بارش کی طرح برستی ہیں رب کی رحمتیں ان پر
وابستہ ہیں جو لوگ درود و سلام سے

اللہ کریم ہمیں اور ہماری آنے والی نسلوں کو عاشقِ درود و سلام بنائے۔ (جاری...)

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں